گلگت(پ۔ر)اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہیلتھ نے ڈی ایچ او گلگت کے خلاف کرپشن کی متعدد شکایات موصول ہونے پر ان کے خلاف انکوائری کرانے کی سفارش کی ہے کمیٹی کے سامنے تین بیروزگار نوجوانوں نے پیش ہو کر بیان دیا کہ ڈی ایچ او گلگت کے بندوں نے ان کو نوکری دینے کا وعدہ کرکے ان سے پیسے لیئے اور بکرے کھائے ۔تا حال ہمیں نوکری نہیں دی گئی اور ہمارے پیسے بھی واپس نہیں کئے جارہے ۔ بیروزگا ر نوجوانوں کو کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن( ر) محمد شفیع خان نے ثبوت کے طور پر اجلاس میں بلایا اور بیان دینے کی اجازت دی ۔قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس ممبر کیپٹن( ر) محمد شفیع خان کی صدارت میں گزشتہ روز اسمبلی کی کانفرنس حال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان ، ممبر اسمبلی نواز خان ناجی ، سیکریٹری لاء رحیم گُل ، سیکریٹری صحت سعید اللہ خان نیازی اور ڈپٹی سیکریٹری احسان اللہ نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن (ر) محمد شفیع خان نے مزید کہا کہ ڈی ایچ او گلگت گزشتہ کئی سالوں سے محکمہ صحت میں ملازمتوں کا جھانسہ دے کر متعدد بے روزگاروں کو لوٹتا رہا ہے اور ان کو فوراً او ایس ڈی کیا جائے اور ان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت میں گھوسٹ ملازمین کے حوالے سے متعدد شکایات مل رہی ہیں اس حوالے سے تحقیقات کر کے گھوسٹ ملازمین کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو صحت کی سہولیات تک رسائی کو آسان تر بنائیں ۔