اسلام آباد (این این آئی) بھارت نے پاکستان کی طرف سے بروقت سیلاب سے آگاہی کا مطالبہ مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ سیلا ب کی سلال کے بجائے اکھنور سے ہی اطلاع دی جائیگی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے بھارت سے مطالبہ کیا تھا کہ سیلابی ریلے کی اطلاع اس وقت دی جائے جب وہ سلال کے مقام پر ہو کیونکہ وہاں سے ریلا پاکستان پہنچنے پہنچتے 8 سے 9 گھنٹے لگ جاتے ہیں ۔دوسری جانب بھارت نے یہ جائز مطالبہ ماننے سے صاف انکار کردیا ہے اور اصرار کیا ہے کہ خواہ کچھ بھی ہو
سیلابی ریلے کی اطلاع اکھنور کے مقام سے ہی دی جائیگی ۔واضح رہے کہ اکھنور کے مقام سے سیلابی پانی کو پاکستان پہنچنے میں صرف 4 گھنٹے درکار ہوتے ہیں جبکہ سلال کے مقام سے اسے 8 سے 9 گھنٹے درکار ہوتے ہیں اور اس دوران صورتحال سے نمٹنے کا موقع مل سکتا ہے ۔بھارت کی اس ہٹ دھرمی پر پاکستانی حکام کا موقف ہے کہ اکھنور سے اطلاع ملنے تک سیلابی ریلا سر پرپہنچ جائے گا اور یوں ہمیں حفاظتی اقدامات کا موقع نہیں مل سکے گا ۔