جی بی کے عوام لائن آف کنٹرول پر مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے اشرف صدا
ہندوستان کا جنگی جنون نہ صرف خطے کیلئے بلکہ پورے دنیا کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے،رکن گلگت بلتستان اسمبلی
جی بی کا ایک اور جوان دھرتی پر قربان ہوگیا،شہید لیفٹیننٹ اظہر عباس نے پاکستان کی سربلندی و بقا کیلئے قربانی دی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) 22 کروڑ عوام مسلح افواج کی پشت پرکھڑی ہے ہندوستان کا جنگی جنون نہ صرف خطے کیلئے بلکہ پورے دنیا کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔ پاکستان پر بے بنیاد الزامات سوچی سمجھی منصوبے کی کڑی ہے۔ قوم کو موجودہ صورتحال کا پوری طرح ادراک کرنا ہوگا۔ یہ بات چیرمین سٹینڈنگ کمیٹی جی کونسل اشرف صدا کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہندوستان اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہتا ہے دوسری طرف ہندوستان کشمیر سمیت اپنے مختلف صوبوں میں مختلف قومیتوں کے ساتھ غیرمساوانہ سلوک کے ذریعے دنیا کا سب سے بڑا فاشسٹ ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آچکا ہے، مودی اور اس کے حواریوں کی انتہا پسند سوچ اور پالیسیز کی بدولت آج ہندوستان میں انتہا پسندی اپنے عروج پر ہے ،اور مسلمان سکھ ، دلت سمیت تمام دیگر قومیں ہندوستان میں اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرنے پر مجبور ہیں۔ ہندوستان کے مودی کی یہی پالیسیاں ہندوستان کو لے ڈوبے گی۔ انہوں مزید کہا کہ اپنے ازلی دشمن کے مقابلے میں پورا پاکستان تمام سیاسی و قومی جماعتیں پاکستان کی میڈیا اپنے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965 ، 1971 ، 1984 اور کرگل جنگ کے دوران پاکستانی عوام کا جذبہ دیدنی اور مثالی تھا لیکن آج پاکستانی عوام کا جذبہ ان تمام جنگوں کے مقابلے میں زیادہ پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج اور میڈیا نے پلومہ حملے کے بعد ہندوستان کی بلاوجہ الزام تراشیوں کا جس سنجیدگی اور ذمہ داران انداز میں جواب دیا وہ قابل تعریف ہے ۔ گلگت بلتستان کے عوام لائن آف کنٹرول پر اپنے سرحدوں کی دفاع کیلئے مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے اور کسی بھی متوقع صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ اگر خدا نخواستہ ہندوستان کی کسی بھی بے وقوفی کے نتیجہ میں کوئی جنگ چھڑ جاتی ہے تو یہ دنیا کیلئے بدقسمتی کے سوا کچھ بھی نہ ہوگا۔ انہوں نے شہید آفیسر اظہر عباس کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا ایک اور جوان دھرتی پر قربان ہوگیا،شہید لیفٹیننٹ اظہر عباس نے اسلام و پاکستان کی سربلندی و بقا کیلئے قربانی دی ،ان کی شہادت پر سلام پیش کرتے ہیں اور یقین سے کہتے ہیں کہ شہید لیفٹیننٹ اظہر عباس کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔اشرف صدا نے کہا کہ پولیس کے مرحوم ایس ایس پی محمد یوسف کا نڈر اور عظیم سپوت گلگت بلتستان کا نام سر بلند کر گیا اور شہدائے پاکستان کی فہرست میں ایک گلدستے کا مزید اضافہ ہو گیا ۔ اللہ پاک شہید لیفٹیننٹ اظہر عباس کی قربانی قبول فرمائیں اور دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملائیں ۔ انہوں نے کہا کہ خوش نصیب ہے وہ خاندان جس میں شہید لیفٹیننٹ اظہر عباس جیسے فرزند پیداہوتے ہیں۔