جی بی کی مادری زبانوں کی ترویج کیلئے بہتر کام ہوا ہے شفیع خان ،جاوید حسین
مادری زبان کی اہمیت روز اول سے رہی ہے ، مادری زبانوں کے ترویج کے لئے حکومت جو بھی قدم اٹھائے گی ہم ساتھ دیں گے،اس حوالے سے اسمبلی میں دو قراردادیں منظور کی جاچکی ہیں
صوبائی حکومت کو متحرک ہوکر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تھا لیکن فورم فار لینگویج انیشیٹیوز نے ہمیں بیدار کردیا ،اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی کی تقریب سے خطاب
گلگت(مونٹین پاس نیوز) مادری زبانوں کے عالمی دن کے مناسبت سے فورم فار لینگیوج انیشیٹیوز کے زیر اہتمام گلگت میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ کانفرنس میں شینا، بلتی ، بروشسکی، کھوار اور وخی زبان کے ترویج کے لئے کام کرنے والے سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی اور اپنی زبان کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ کانفرنس میں قائد حزب اختلاف محمد شفیع خان اور جاوید حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف جی بی اسمبلی محمد شفیع خان اور جاوید حسین نے کہا کہ مادری زبان کی اہمیت روز اول سے رہی ہے ، گلگت بلتستان میں مادری زبانوں کے ترویج کے لئے بہتر کام ہوا ہے اور مادری زبانوں کے ترویج کے لئے حکومت جو بھی قدم اٹھائے گی ہم ساتھ دیں گے ، اس سے قبل مادری زبانوں کے حوالے سے اسمبلی میں دو قراردادیں منظور کی جاچکی ہیں دونوں اپوزیشن کے ممبران نے لایا تھا جن میں سے ایک مادری زبان کو بطور ذریعہ تعلیم بنانے جبکہ دوسری قرارداد مردم شماری میں مقامی زبانوں کا نام شامل کرنے کے حوالے سے جو کہ متفقہ طور پر منظور ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی مادری زبان کو بھولنے والے اقوام کبھی ترقی نہیں کرسکتے ہیں، دنیا کے بڑے بڑے ممالک اور اقوام نے باوجود وسائل اور ٹیکنالوجی کے اپنی مادری زبان کو ہی ذریعہ تعلیم بنایا ہوا ہے جن میں جاپان چائینہ اور مغربی ممالک کی مثال لی جاسکتی ہے ۔ پاکستان میں متعدد زبانیں ہونے کی وجہ سے ابھی تک مادری زبانوں پر وہ کام نہیں ہوسکا ہے جس طریقے سے ہونا چاہئے ۔ مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر اصولاً صوبائی حکومت کو متحرک ہوکر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تھا لیکن فورم فار لینگویج انیشیٹیوز نے ہمیں بیدار کردیا جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ جب کبھی بھی ہماری ضرورت محسوس کریں گے ہم بھرپور تعاون کریں گے کیونکہ یہ ہم سب کا مشترکہ کاز ہے ۔ اس موقع پر سینئر آفیسر فورم فار لینگویج انیشیٹیوز محمد زمان نے کہا کہ ہماری کاوش ہے کہ مادری زبانوں کے متعلق صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر تکنیکی امور اور لسانی امور پر ٹریننگ سمیت دیگر معاہدے کریں جس کے لئے ہم کوئی معاوضہ نہیں لیں گے ۔ اس وقت خیبرپختونخواہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں جس میں بڑی حد تک کامیابی مل گئی ہے اور امید ہے کہ اسے آگے لیکر جائیں گے۔ گلگت بلتستان کی زبانیں گو کہ ماضی میں نظر انداز کردی گئیں لیکن اب وہ پہلے والی صورتحال نہیں ہے اب مادری زبانوں پر باقاعدہ طور پر کام ہورہا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔ تقریب سے صدر حلقہ ارباب زوق محمد امین ضیاء ، جمشید خان دکھی ، محمد حسن حسرت، احمد جامی سخی ، شمس الحق نوازش، وزیر شفیع ، جمشید خان دکھی ، قاسم نسیم ، نظیم دیا، عبدالصبور، سمیت متعدد شرکاء نے خطاب کیا اور اپنے آراء کا اظہار کیا۔