سکردو میں 3000ہزار بچے سکولوں سے باہر ہیں محکمہ تعلیم کی ڈی سی کو بریفنگ

ضلع سکردو کی جغرافیائی حدود میں موجود ہر بچے کے سکول میں داخلہ کو یقینی بنایا جائے گا،سبرراہ ضلعی انتظامیہ سکردو
تعداد میں تقریبا آدھی بچیاں اور آدھے بچیاں ہیں جن میں سے اکثریت کا تعلق سب ڈویژن روندو سے ہے،بریفنگ
گلگت(مونٹین پاس نیوز)ضلع سکردو کی جغرافیائی حدود میں موجود ہر بچے کے سکول میں داخلہ کو یقینی بنایا جائے گا: ڈپٹی کمشنر سکردو۔تفصیلات کیمطابق اتوار کے روز ڈپٹی کمشنر سکردو نوید احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہو ا جسمیں محکمہ تعلیم سکردو کے اعلی افیسران سمیت آغا خان یونیورسٹی گلگت اور مختلف سکولوں کے سربراہان نے شمولیت اختیار کی۔ اجلاس میں ضلع سکردو کے(OUT OF SCHOOL)بچوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی اوراس حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا۔ اجلا س میں شریک شرکا کا ڈپٹی کمشنر سکردو کو آگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت تقریبا 3000کے قریب بچے ضلع سکردو میں سکولوں سے باہر ہیں اوروہ اس عمر میں پہنچ چکے ہیں کہ ان کو سکول میں ہونا چاہیئے۔ اس تعداد میں تقریبا آدھی بچیاں اور آدھے بچیاں ہیں جن میں سے اکثریت کا تعلق سب ڈویژن روندو سے ہے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ UNESCOکے تعاون سے ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر ایسے تمام بچوں کے سکولوں میں داخلے کا اہتمام کیا جائے گا اور ان کی تعلیم و تربیت پر آنے والے تمام اخراجات ادارہ ادا کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے تمام بچوں کے والدین کو ترغیب دلانے کے کام کا آغازکیا جائے گا اوراس حوالے سے مختلف جگہوں پر آگاہی واک کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکردو کا کہنا تھا کہ انھیں انتہائی خوشی ہے کہ سکولوں سے باہر رہنے والے بچوں کے سکول بھیجنے کے عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نا صرف اس تمام عمل میں محکمہ تعلیم کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دے گی بلکہ اس تمام کام کی سربراہی بھی کرے گی۔ ان کا اجلاس میں موجود اسسٹنٹ کمشنرز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ بچوں کے والدین کو بچوں کو سکول بھیجنے کے حوالے سے عمادہ کریں اور ضلع میں موجود کوئی ایک بھی بچہ سکول سے باہر نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سب ڈویژن روندو میں موجود بچوں کی ایک بڑی تعداد کا سکول سے باہر ہونا باعث تشویش ہے اور وہ از خود روندو میں جا کر آگاہی واک میں شمولیت اور ایسے تمام بچوں کے سکولوں میں داخلے کو یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی عمدہ تعلیم و تربیت کو یقینی بنانا والدین کیساتھ ساتھ انتطامیہ کے بھی اخلاقی فرائض میں شامل ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ واضح رہے کی ضلع سکردو کے عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سکردو اور محکمہ تعلیم کیجانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو خوب سراہا ہے اور اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.