علم کی روشنی پھیلانے میںKIU کا کردار کلیدی رہاہے،راجہ جلال مقپون
معاشرے کی بہتری اور ماحول کو بہتر بنانے کی زمہ دار ی ہم سب پر عائد ہوتی ہے ،انفرادی و اجتماعی کوششوں سے ہی معاشرے کی سدھار ہوگی
فیس سکیم کی مد میں پچھلی قسط جلد جاری ہوگا اور ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ فیس سکیم میں اگلے دو سال کیلئے توسیع دی جائے،گورنر گلگت بلتستان
گلگت(مونٹین پاس نیوز) گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے قراقرم یونیورسٹی کو سرسبز بنانے کے منصوبے کے تحت آبپاشی کیلئے لفٹ ایریگیشن منصوبے کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے کی بہتری اور ماحول کو بہتر بنانے کی زمہ دار ی ہم سب پر عائد ہوتی ہے ۔انفرادی و اجتماعی کوششوں سے ہی معاشرے کی سدھار ہوگی ۔وزیر اعظیم پاکستان کے ویژن کے مطابق پورے پاکستان سمیت گلگت بلتستان میں سونامی بلین ٹری شجرکاری پر زور شور سے کام ہورہاہے ۔انشاء اللہ بہت جلد سرسبز پاکستان و گلگت بلتستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی اور علم کی روشنی پھیلانے میں قراقرم یونیورسٹی کا کردار کلیدی رہاہے ۔جامعہ قراقرم کوگلگت بلتستان کاسب سے بڑا تعلیمی ادارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔معاشرے کی تعمیر وترقی سمیت ہر مثبت مسئلے کے بارے میں شعور وآگاہی دلانے میں قراقرم یونیورسٹی کا اہم کردار رہاہے ۔جس کی مثال وزیراعظیم بلین ٹری شجرکاری مہم سے لی جاسکتی ہے ۔جامعہ قراقرم کے منیجمنٹ وفیکلٹی اسٹاف و طلباء کی کوششوں سے شجرکاری مہم پوری جی بی میں پھیل گئی ہے ۔گورنر گلگت بلتستان نے وزیراعظم فیس سکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ فی سکیم کی مد میں پچھلی قسط جلد جاری ہوگا اور ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ فیس سکیم میں اگلے دو سال کیلئے توسیع دی جائے، اس سلسلے میں وائس چانسلر سے تفصیلی بریفنگ لی ہے ، یہ مسئلہ وزیراعظم پاکستان عمران خان تک پہنچاؤں گا ۔ گورنر نے کہا کہ بوائز ہاسٹل سمیت سپورٹس جمنیزیم کے پی سی ون کی بحالی اور یونیورسٹی کے جملہ مسائل کے حل کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کریں گے ۔ان سے قبل استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطااللہ شاہ نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے دس بلین پودے لگانے کے منصوبے کے اعلان کے بعد گزشتہ سال یونیورسٹی میں 10 ہزارپودے لگائے اور اس سال ڈیڑھ لاکھ پودے لگانے کا عزم کیاہے ۔نہ صرف پودے لگائینگے بلکہ ان پودوں کی مکمل دیکھ بھال بھی کریں گے ۔پودوں کی بہترین نگہداشت کرنے والے طلباء کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔تاکہ شجرکاری مہم کے مثبت نتائج سامنے آسکے ۔ انہوں نے کہاکہ اگلے پانچ سالوں میںKIUمین کیمپس ،سب کیمپسزاور KIUسے منسلک گلگت بلتستان کے تمام تعلیمی اداروں میں پانچ لاکھ پودے لگانے کا ہدف بھی مقرر کیاہے ۔ہر سکول و کالج میں ایک فوکل پرسن ہوگا، جس سکول یا کالج کا طالبعلم پودوں کی بہتر ی نشوونما اور پرورش کریں گے اسے یونیورسٹی کی طرفسے انعام سے نوازا جائیگا۔ انشاء اللہ یونیورسٹی محکمہ فارسٹ اوریونیورسٹی کے منیجمنٹ اسٹاف ،فیکلٹی ممبران و طلباء سمیت گلگت بلتستان کے عوام کے تعاون سے 5لاکھ پودے اُگانے کے ہدف میں کامیاب ہوجائینگے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں جنگلات کی اہمیت کے حوالے سے فاریسٹری پروگرم شروع کیا ہے۔ جس سے گلگت بلتستان میں فاریسٹ کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔اس شعبے سے فارغ ہونے والے طلباء فاریسٹری کے شعبے کی ترقی کے لیے کام کرینگے۔انہوں نے کہاکہ جامعہ قراقرم کے شعبہ فارسٹ کے طلبہ وطالبات گلگت بلتستان کے ہر فرد تک شجرکاری کرنے کے حوالے سے آگاہی و شعور پھیلائینگے جس سے گلگت بلتستان سرسبز وشاداب ہوگا اور قدرتی آفات سے محفوظ ہوجائے گا۔وائس چانسلر نے اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران وزیراعظم فیس سکیم کا مسئلہ ،بوائز ہاسٹل سمیت سپورٹس کمپلیس کے مسئلے کے حوالے سے گورنر گلگت بلتستان کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم فیس سکیم کی مد میں ملنے والی فیس کی عدم ادائیگی کے باعث سینکڑوں کی تعداد میں ماسٹر ،ایم فل ،ایم ایس کے طلبہ وطالبات متاثر ہورہے ہیں ۔وہی پر بوائز ہاسٹل ،سپورٹس کمپلیس کا پی سی ون کی منظوری کے بعد پی سی ون التوا میں ڈال دیا گیا ہے ۔ وائس چانسلر نے ان منصوبوں کی بحالی سمیت وزیراعظیم فیس سکیم کی بحالی کے لیے گورنر گلگت بلتستان کو اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ان سے قبل تقریب سے سیکرٹری فاریسٹ گلگت بلتستان آصف اللہ خان نے کہا کہ شجرکاری مہم کو مزید بڑھانے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔اس حوالے سے محکمہ فارسٹ گلگت بلتستان اقدامات اٹھارہاہے ۔KIUکی جانب سے شجرکاری مہم شروع کرنے پر جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔اس مہم سے گلگت بلتستان کے دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شعور ملے گا اوروہ احساس زمہ داری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا حصہ ڈالینگے۔شجرکاری کے حوالے سے جامعہ قراقرم کو جو بھی تعاون درکار ہوگا،فراہم کرینگے ۔تقریب کے آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے گورنر گلگت بلتستا ن اور سیکرٹری فاریسٹ گلگت بلتستان کو یونیورسٹی یاد گاری شیلڈ بھی پیش کئے ۔تقریب سے قبل گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے KIUمیں پودا لگا کرو زیر اعظم پاکستان سونامی بلین ٹری شجرکاری مہم کا اافتتاح کیا ۔گورنر کے ہمراہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ ، سیکریٹری فاریسٹ آصف اللہ، سیکریٹری گورنر جی بی سجاد حیدر، ای پی آئی کے ڈائریکٹر شہزاد حسن شگری، سمیت یونیورسٹی کے سینئرمنیجمنٹ اسٹاف،فیکلٹی ممبران،سول و عسکری اداروں کے آفیسران سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعدادموجود تھی