وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اپنے وفاقی وزراء شیخ رشید، فواد چوہدری جیسے وزراء کو لگام دے اس قسم کے وزراء سے ملک میں نفرت کی سیاست کو فروغ مل رہاہے۔ موجودہ حالات میں ملک نفرت کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اس قسم کے وزراء کا کام صرف اداروں کو بدنام کرنا ہے۔ شیخ رشید جیسے مداری نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی ہے۔ ملک کیخلاف سازشیں کرنے والوں کے بارے میں شیخ رشید جیسے لوگ بیان نہیں دے رہے ہیں ان کا کام ملکی قیادت محمد نواز شریف اور بلاول کیخلاف غیراخلاقی باتیں کرنا ہے جس سے کارکنوں کے جذبات بھڑک سکتے ہیں اور ملک میں انتشار اور نفرت بڑھ سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی جانب سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی جارحیت کیخلاف ملک میں اتحاد کی فضاء قائم ہوئی ہے شیخ رشید اور فواد چوہدری جیسے لوگ اس فضاء کو خراب کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ ملک میں احتساب کیلئے ادارے ہیں ان وفاقی وزراء کا کام اداروں کے ترجمان بن کر قومی لیڈز کیخلاف غیر شائستہ جملے استعمال کرنا نہیں۔ وزیر اعظم پاکستان ان وزراء کا منہ بند کرائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شیخ رشید اور فواد چوہدری جیسے وزراء کو کابینہ سے فوری الگ کریں۔