گلگت300بیڈ شہید سیف الرحمان ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا گیا
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ شہید سیف الرحمن ہسپتال کا مختصرمدت میں کام کرنا قابل تحسین ہے۔ نئے پاکستان والوں کو 8ماہ ہوچکے ہیں اور سب کو ان کے ترجیحات نظر آرہے ہیں۔ چھوٹے صوبوں کیلئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب کے وسائل وقف کئے۔ عطاء آباد سانحے میں بھی قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھرپور مدد کی۔ گلگت بلتستان کے96 میڈیکل سٹیوں میں سے 76 سیٹیں پنجاب میں ہیں۔ سندھ اور خیبرپختونخوا والے ایک سیٹ بڑھانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو نے ہارٹ سنٹر کا وعدہ خود کیا مگر6 ماہ سے چیف سیکریٹری رابطہ کررہے ہیں کوئی جواب نہیں آرہاہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ دیگر صوبوں کوبھی گلگت بلتستان کی ترقی میں اپناکردار اد اکرنا چاہئے۔ این ایف سی اجلاس میں اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان کو 3فیصد رقم دینے کی بات کی تھی جس پر سندھ اور خیبرپختونخواہ نے مخالفت کی۔ جوجماعتیں گلگت بلتستان میں سیاست کرنا چاہتی ہیں ان کو چاہئے کہ جن صوبوں میں ان کے جماعت کی حکومت ہے ان کو این ایف سی سے 3فیصد حصہ گلگت بلتستان کو دینے کی حمایت کرائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پنجاب کے بجٹ میں سے ایک ارب روپے گلگت بلتستان کودیئے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے شہید سیف الرحمن ہسپتال کے سنگ بنیاد رکھنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ نئے پاکستان والوں نے گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں 2 ارب روپے کا کٹ لگایا یہ ان کی کارکردگی ہے۔ پنجاب حکومت نے 40 کروڑ کی مشینری فراہم کرنی تھی جس میں سے نئے پاکستان والوں نے ایمبولنس روک کر کم ظرفی کا مظاہرہ کیا۔ نئے پاکستان والوں نے شہباز شریف کی جانب سے دیئے جانے والے ایمبولنس پر سیاست کرنے کیلئے روکا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ صحت کا شعبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ گلگت بلتستان میں اس وقت 540 ڈاکٹرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں مزید150ڈاکٹرز درکار ہیں جس کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ اس منصوبے کی سنگ بنیاد کیلئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو دعوت دی گئی تھی۔ 19 مارچ 2020 ء تک اس ہسپتال کی بلڈنگ کومکمل کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ ہم نے تعلیم اور صحت کے شعبے کو اپنی اولین ترجیحات میں رکھا ہے۔ میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے۔ تعلیم اور صحت سے ووٹ نہیں ملتا لیکن یہ قوم کی ضرورت ہے۔ ہم نے تمام اداروں میں اصلاحات کئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں ایک ایم آر آئی مشین نہیں تھی۔کسی اور جماعت کو توفیق نہیں ہوئی کہ گلگت بلتستان کو ایم آر آئی مشین فراہم کرے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کو ایم آر آئی مشین کا تحفہ دیا۔ ملک کی بدقسمتی ہے کہ یہاں کام کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوتی کام نہ کرنے والوں کو کوئی نہیں پوچھتا۔ ماضی کی حکومتوں نے اقتدار کو صرف عیاشی کا ذریعہ بنایا۔ گلگت بلتستان میں صرف عملی کام مسلم لیگ (ن) نے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ پنجاب کے عوام اور پنجاب کی سابق مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گلگت بلتستان سے تعاون کیا کسی اور صوبے کو توفیق نہیں ہوئی۔ ہماری حکومت نے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کرائے ہیں۔ ایسا وزیر اعظم جو دن رات صرف گالیاں دے اس کے کارکن کیسے ہوں گے۔ ہمارے قائدین نے ہمیں تہذیب سکھایا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ہی تعمیر پاکستان کرے گی۔