وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے آسٹریلین ہائی کمشنر، کینڈئن ڈپٹی ہائی کمشنر، ڈبلیو ڈبلیو ایف کے کنٹری ڈائریکٹراور دیگر ڈونر اداروں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان عوام کی فلاح و بہبود، صوبے میں جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں دوست ممالک اور ڈونر ایجنسیز کا کردار ہمیشہ سے قابل تحسین رہاہے۔ گلگت بلتستان میں سیوریج نظام کی بنیادی ضرورت ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے اس منصوبے کا آغاز کیا ہے اس منصوبے کی تعمیر سے ماحولیاتی تحفظ میں مدد ملے گا۔ حکومت نے گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کیلئے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر جدید طرز پر کام کا آغاز کیا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبے تعمیر کئے جارہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ سابق وفاقی حکومت کے تعاون سے میگا انفراسٹرکچر کے منصوبے تعمیر کئے جارہے ہیں جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں تعمیر و ترقی کے اس سفر میں دوست ممالک اور ڈونر ایجنسیز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی بھرپوراقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے والے دوست ممالک،ڈونز ایجنسیزاور سرمایہ کاروں کی بھرپورحوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر،کینڈئن ڈپٹی ہائی کمشنر، ڈبلیو ڈبلیو ایف کے کنٹری ڈائریکٹر سمیت ڈونر ایجنسیز کے نمائندوں نے گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے تعمیر و ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔