گلگت(نامہ نگار)میڈیا کوارڈینیٹر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان عالم نور حیدر کی صدر و اراکین گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی سے ملاقات، ملاقات میں گلگت بلتستان کی اخباری صنعت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سر پرست اعلیٰ جی بی این ایس احمد ندیم خان بھی موجود تھے۔ صدر جی بی این ایس عامر جان سرور نے گلگت بلتستان کی اخباری انڈسٹری کے ساتھ محکمہ اطلاعات کی جانب سے ہونے والی نا انصافیوں، میڈیا پالیسی میں موجود خامیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل اور جی بی این ایس کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ میڈیا کوارڈینیٹر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان عالم نور حیدر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کا دیرینہ مطالبہ عبوری آئینی صوبہ پورا کرنے جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید کا یہ عزم ہے کہ کسی کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہو گی۔ گلگت بلتستان کی اخباری صنعت کو درپیش مسائل سے میں پہلے سے ہی آگاہ ہوں اس حوالے سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو آگاہ کر کے جی بی این ایس کے مطالبات کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔ میڈیا کوارڈینیٹر عالم نور حیدر کی یقین دہانی پر جی بی این ایس نے صوبائی حکومت کی خبروں کی تشہیر کو احتجاجا محدود کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔