گلگت( نامہ نگار) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں زیر تعلیم یاسین کے طلباء و طالبات کی مشترکہ تنظیم یاسین اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (YSO)کے زیر اہتمام گلگت میں ایک شاندار تعلیمی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر یاسر عباس، قراقرم کوآپریٹو بینک کے سی ای او سید غلام محمد، سنیئر سکالر الواعظ سید شفا جان، آغا خان ہایئر سیکنڈری سکول گلگت کے پرنسپل ظفر اقبال، نوجوان سیاسی رہنما امان علی، صفدر علی صفدر، ڈاکٹر بروشو ڈوڈوک، انسپکٹر رحیم علی، نادر جیولرز،آیاز محمد، راجہ بلبل نادر سمیت یاسین کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین نے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ معاشرتی اخلاقیات، سماجی برائیوں کی روک تھام اور علاقے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا طلباء و طالبات جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے معیاری تعلیم و فنی و مہارتی صلاحیتوں کو بڑھانے پر زور دیں تاکہ علاقے میں بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جاسکیں۔ اس موقع مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں تعارفی اسناد اور شیلڈز بھی تقسیم کئے گئے۔ کنونشن میں یونیورسٹی کے طالب علم ندیم حسین کو متفقہ طور یاسین اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا صدر منتخب کرلیا گیا۔