بلتستان یونیورسٹی کے پی سی ون میں میڈیکل ، انجینئرنگ ، زراعت اور فارسٹری کے فیکیلیٹز بھی شامل کیئے جائینگے۔ یہ یونیورسٹی ملک کا ایک ہمہ جہت یونیورسٹی بنے گی۔ اس یونیورسٹی میں تمام شعبوں کی تعلیم فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جائیگی۔ یہ بات چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل اشرف صدا اور پارلیمانی سیکرٹری واٹر اینڈ پاور قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان میجر (ر) محمد امین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں اشرف صدا اور میجر (ر) امین نے چیئرمین ایچ ای سی سے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے اور قائد میاں محمد نواز شریف نے اس مطالبے کو منظور کیا ہے۔ اس یونیورسٹی میں دیگرتعلیمی شعبوں کے ساتھ ساتھ میڈیکل ، انجینئرنگ، ایگریکلچر اور فارسٹ کے شعبوں کا قیام بھی یونیورسٹی کے پی سی ون میں شامل ہونا بہت ضروری ہے تاکہ مستقبل میں یہ یونیورسٹی اپنے قیام کے تمام مطلوبہ مقاصد حاصل کرسکے۔ انہوں نے کے آئی یو ہنزہ کیمپس اور دیامر کیمپس کے معاملے پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ ہنزہ کیمپس کے قیام کیلئے فنڈز مختص کر دئیے گئے ہیں جبکہ دیامر کیمپس کی فائل ایکنک سے بہت جلد منظور ہوجائیگی۔ جس کے بعد دیامر کیمپس کیلئے فنڈز جاری کئے جائینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلتستان یونیورسٹی کے پی سی ون میں میڈیکل ، انجینئرنگ ، زراعت اور فارسٹری کے فیکیلیٹز بھی شامل کیئے جائینگے۔ یہ یونیورسٹی ملک کا ایک ہمہ جہت یونیورسٹی بنے گی۔ اس یونیورسٹی میں تمام شعبوں کی تعلیم فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جائیگی ۔ چیئرمین ایچ ای سی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایچ ای سی بلتستان یونیورسٹی کی بروقت اور مثالی تعمیر سمیت ایچ ای سی سے وابستہ تمام شعبوں میں گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کریگی۔ اشرف صدا اور میجر (ر) امین نے بلتستان یونیورسٹی کے قیام، گلگت بلتستان میں فروغ تعلیم کیلئے طلباء و طالبات کیلئے کیلئے سکالر شپ اور لیپ ٹاپ کی میرٹ پر فراہمی کیلئے ذاتی طور پر دلچسپی لینے پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کا شکریہ ادا کیا۔